اتوار 21 جون 2026 - 15:12
اس سال کا محرم رہبرِ انقلاب کی شہادت کے باعث ایک منفرد رنگ و بو لیے ہوئے ہے: آیت اللہ دری نجف آبادی

حوزہ/ ایران کے صوبۂ مرکزی میں رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کے نمائندے آیت اللہ قربان علی دری نجف آبادی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا رواں سال غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ ایام رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کی مظلومانہ شہادت کے غم کے ساتھ ہم آہنگ ہیں، جس نے عزاداریِ سید الشہداءؑ کو ایک نئی کیفیت اور رنگ عطا کر دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبۂ مرکزی میں رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کے نمائندے آیت اللہ قربان علی دری نجف آبادی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا رواں سال غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ ایام رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کی مظلومانہ شہادت کے غم کے ساتھ ہم آہنگ ہیں، جس نے عزاداریِ سید الشہداءؑ کو ایک نئی کیفیت اور رنگ عطا کر دیا ہے۔

آیت اللہ قربان علی دری نجف آبادی نے اراک میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے ایامِ عزائے حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظمت بیان کی اور عشرۂ محرم کے پروگراموں نیز ایک شہید کی تشییع جنازہ کی تقریبات کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔

انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ کی پرجوش شرکت کو سراہتے ہوئے حضرت قاسم بن الحسن علیہ السلام اور حضرت عبداللہ بن الحسن علیہ السلام کی عظمت کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم حضرت علی اصغر علیہ السلام، اہل بیت علیہم السلام سے محبت و عقیدت کے اظہار کا بہترین موقع ہے، جو اس سال گزشتہ برسوں کی نسبت زیادہ شان و شوکت سے منایا گیا۔

آیت اللہ دری نجف آبادی نے کہا کہ اس سال کا محرم بے مثال برکتوں کا حامل ہے، کیونکہ یہ رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کی شہادت کے غم کے ساتھ منسلک ہے۔ انہوں نے صہیونی اور امریکی عناصر کی جانب سے انجام دیے گئے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے قرآن اور رہبرِ شہید کو نشانہ بنا کر ناقابلِ معافی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں شہداء نے اسلام اور انقلابِ اسلامی کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور امتِ مسلمہ ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

اپنے خطاب کے دوسرے حصے میں آیت اللہ دری نجف آبادی نے طلبہ اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے علم، دانش اور دینی معرفت کو یکجا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداریِ امام حسین علیہ السلام کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان علم اور تقویٰ کے ہتھیار سے لیس ہو کر دشمنوں کے مقابلے میں ثابت قدم رہ سکیں۔

انہوں نے قرآنِ کریم، ولایت اور جدید علوم سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر پر زور دیا اور کہا کہ نوجوان نسل کو سائنسی، فنی اور دینی میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha